مالے:17 /مارچ(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) وزیرخارجہ سشماسوراج مالدیپ کے دو دنوں کے دورے پر اتوار کو ملک کی راجدھانی مالے پہنچیں جہاں مالدیپ کے وزیرخارجہ عبداللہ شاہد نے ہوائی اڈے پر ان کا خیرمقدم کیا۔وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے ٹوئٹ کیا کہ ’’خصوصی اعزاز دیتے ہوئے مالدیپ کے وزیر خارجہ عبداللہ شاہد اور خارجہ سکریٹری عبدالمحمد نے محترمہ سشما سوراج کا ہوائی اڈے پر خیر مقدم کیا۔ یہ قربت ہے۔‘‘مالدیپ میں گزشتہ برس نومبر میں نئی حکومت بننے کے بعد ہندوستان کی جانب سے یہ پہلی اعلی سطحی دورہ ہے۔ محترمہ سوراج مسٹر شاہدکے ساتھ مختلف امور پر دوطرفہ اور علاقائی امور پر بات چیت کریں گے۔وزیر خارجہ کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی مالدیپ آیاہے جس میں خارجہ سکریٹری وجے کوگھلے اور کئی دیگر سینئر اہلکار بھی شامل ہیں۔اس سے پہلے مسٹر رویش کمار نے کہا تھا کہ محترمہ سوراج مالدیپ کے وزیر خارجہ کی دعوت پر دو دن کے مالدیپ دورے پر روانہ ہوگئیں۔ ان کے اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرنا ہے۔ وہ صدر ابراہیم محمد صالح سے ملنے کے علاوہ کئی دیگر اہم شخصیتوں سے بھی ملاقات کریں گی۔